اسلام آباد:رپوٹ محمد سلیم سے
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی سے ملاقات کی، جو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی سربراہی کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشترکہ مذہب، جغرافیہ، تاریخ، ثقافت اور صدیوں پرانی عوامی روابط پاکستان اور عمان کے تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں۔ انہوں نے عمان کو بھائی چارے کا ملک، اہم سمندری پڑوسی اور اہم علاقائی شراکت دار قرار دیا۔
وزیراعظم نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ یہ اجلاس باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ انہوں نے علاقائی و عالمی امور پر دونوں ممالک کے یکساں موقف اور تنازعات کے حل کے لیے عمان کے مکالمے اور سفارت کاری پر مبنی اصولی موقف کی تعریف کی۔
عمانی وزیر خارجہ نے پاکستانی حکومت کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی علاقائی کشیدگی میں کمی اور پرامن حل کے فروغ کے لیے مسلسل سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے پروٹوکول کے علاوہ میڈیا تعاون، خبروں اور معلومات کے تبادلے، تاریخی دستاویزات و آرکائیوز کے انتظام، مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سفارتی و سرکاری تبادلوں کی سہولت سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

