امریکی ریاست کنساس کے شہر وچیٹا میں بچوں کے فٹبال میچ کے دوران ایک خاتون کی پک اَپ ٹرک اچانک کھیل کے میدان میں گھس گئی، جس کے نتیجے میں 6 سالہ بچے اور 35 سالہ شخص ہلاک ہوگئے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اسٹرائیکر اسپورٹس کمپلیکس میں پیش آیا۔ 34 سالہ خاتون ڈرائیور گاڑی میں اپنے دو کم عمر بچوں کے ساتھ موجود تھی. خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون تفتیش میں تعاون کر رہی ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ گاڑی میدان میں حادثاتی طور پر داخل ہوئی یا واقعہ دانستہ تھا۔
زخمیوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں 5 سے 9 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک نوعیت کی تھی، تاہم فوری طور پر کسی کی حالت جان لیوا قرار نہیں دی گئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور عینی شاہدین سے ویڈیوز اور تصاویر فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ واقعے کے بعد اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والی دیگر سرگرمیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔

