وزیراعظم کی زیر صدارت لائیو سٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

IMG 20261019 WA0564


اسلام آباد (محمد سلیم سے ) — وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لائیو سٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کا پلان جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ میں نجی شعبے کے ماہرین کو شامل کر کے اسے ایک مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جائے۔
وزیراعظم نے لائیو سٹاک کے لیے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاؤسز میں لائے گئے درآمد شدہ مویشیوں کو ویلیو ایڈیشن کے عمل میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان مویشیوں سے گوشت اور دودھ کی مصنوعات تیار کر کے برآمد کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہیے۔ وفاقی حکومت مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین کی پیداوار کا قومی سطح کا پلانٹ اپنے وسائل سے قائم کرے گی۔
وزیراعظم نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں مویشیوں کی ویکسین کا پلانٹ قائم کرنے کی حکمت عملی ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو لائیو سٹاک کے شعبے میں اصلاحات اور برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مذبح خانوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
بریفنگ کے مطابق پاکستان میں مویشیوں کے لیے دستیاب ویکسین ڈراپ سے منظور شدہ نہیں، اس لیے ملک میں مویشیوں کے لیے پیوریفائڈ ویکسین کی پیداوار کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ درآمد شدہ مویشیوں کے لیے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاؤسز کے قیام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

متعلقہ پوسٹ