
(24 نیوز)چین نے 2030 سے پہلے اپنے خلابازوں کو چاند کی سطح پر اتارنے کے منصوبے کی تفصیلات باضابطہ طور پر پیش کر دی ہیں۔ اس منصوبے کا اعلان بیجنگ میں منعقدہ ساتویں انسان بردار خلائی پرواز سے متعلق علمی کانفرنس کے دوران کیا گیا۔
چینی میڈیا کے مطابق اس مشن کے لیے ’’دو راکٹوں کی پرواز، ایک بار چاند پر لینڈنگ‘‘ کی حکمت عملی اختیار کی جائے گی، جس کے تحت دو لانگ مارچ 10 راکٹ یکے بعد دیگرے خلا میں بھیجے جائیں گے۔
منصوبے کے مطابق ایک راکٹ کے ذریعے ’’لان یوئے‘‘ نامی قمری لینڈر جبکہ دوسرے راکٹ کے ذریعے ’’منگ چو‘‘ خلائی جہاز کو مدار میں پہنچایا جائے گا۔ بعد ازاں دونوں خلائی گاڑیاں چاند کے گرد مدار میں ایک دوسرے سے منسلک ہو جائیں گی۔
منگ چو خلائی جہاز تین خلابازوں کو زمین سے چاند کے گرد مدار تک لے جانے اور بحفاظت واپس لانے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔ ان میں سے دو خلاباز لان یوئے لینڈر کے ذریعے چاند کی سطح پر اتریں گے، جبکہ اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد دوبارہ چاند کے مدار میں پہنچ کر خلائی جہاز سے منسلک ہو جائیں گے۔
چینی حکام کے مطابق ملک کے پاس انسان بردار چاند مشن کی تیاری اور آغاز کے لیے بنیادی شرائط اور ضروری تکنیکی صلاحیتیں موجود ہیں۔
چین کے قمری تحقیقاتی پروگرام کے تحت انسان بردار مشن کی تیاری، خلائی جہازوں کی تیاری اور دیگر متعلقہ منصوبوں پر کام بھی منظم انداز میں جاری ہے۔ چین کا یہ منصوبہ خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایران سے مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں:امریکی صدر ٹرمپ

