بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی 61ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کی محبت اور نیک تمناؤں کا جواب ایک خصوصی ہاتھ سے لکھے پیغام کے ذریعے دیا۔ تاہم اس بار وہ ممبئی میں اپنی رہائش گاہ ’منت‘ کی بالکونی میں آکر مداحوں کو ہاتھ ہلاتے دکھائی نہیں دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہر سال شاہ رخ خان کی سالگرہ پر آدھی رات کو مداح منت کے باہر جمع ہوتے ہیں اور اداکار کی بالکونی میں آمد کا انتظار کرتے ہیں۔ یہ روایت کئی برس سے جاری ہے، تاہم رواں سال گھر کی تزئین و آرائش کے باعث یہ سلسلہ برقرار نہ رہ سکا۔ اس کے باوجود مداح رات گئے ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود رہے۔
شاہ رخ خان نے منت کے باہر نصب ایک بڑے بل بورڈ پر ہاتھ سے لکھے پیغام کے ذریعے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ سب کی محبت اور نیک تمناؤں کا شکریہ، اور ان کی جانب سے بھی سب کے لیے ڈھیروں پیار ہے۔ پیغام کے اختتام پر اداکار نے مداحوں کو بڑی سی جپھی دینے کا ذکر کیا اور اپنے دستخط بھی کیے۔
سالگرہ کے موقع پر منت کو شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی تشہیری تصاویر اور مناظر سے بھی سجایا گیا۔ بل بورڈ پر فلم کے دو مکالمے ’کنگ اکیلا کافی ہے‘ اور ’ڈر نہیں، دہشت ہوں‘ نمایاں تھے۔
ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے اور کرسمس کے موقع پر آنے والی بڑی فلموں میں شمار کی جارہی ہے۔
Source link

