کراچی، اسکائی ونگز ایوی ایشن کا 24 گھنٹے ایئر ایمبولینس سروس فراہم کرنے کا اعلان

aidi aier aimbolins1793740891 0



کراچی:

اسکائی ونگز ایوی ایشن نے پاکستان میں پہلی مرتبہ 24 گھنٹے ایئر ایمبولینس سروس فراہم کرنے کا اعلان کردیا، سکھر سے مریض مشتاق مہر کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے ڈیڑھ گھنٹے میں کراچی منتقل کرکے بروقت طبی امداد کی فراہمی ممکن بنائی گئی۔

مریض کی منتقلی کے لیے اسکائی ونگز ایوی ایشن کا طیارہ استعمال کیا گیا، جبکہ ایئر ایمبولینس سروس ادارے کے ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ (AOC) کے تحت آپریٹ کی جارہی ہے۔

مریض مشتاق مہر کی اہلیہ کے مطابق سکھر سے کراچی تک کا سفر محض ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل ہوا، جس سے مریض کو بروقت کراچی پہنچانے میں مدد ملی۔

انہوں نے مشکل وقت میں تعاون اور انسانی خدمت کے جذبے پر ایدھی فاؤنڈیشن اور اسکائی ونگز ایوی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں اداروں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایئر ایمبولینس سروس دور دراز علاقوں میں طبی سہولتوں سے محروم اور مشکل حالات سے دوچار مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔

اسکائی ونگز ایوی ایشن کے چیف ایگزیکٹو عمران اسلم خان نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے مریضوں کو بروقت کراچی منتقل کرنے سے کئی قیمتی انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ ایئر ایمبولینس سروس 24 گھنٹے فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو فوری طور پر طبی سہولتوں تک پہنچایا جاسکے۔

عمران اسلم خان کا کہنا تھا کہ اسکائی ونگز ایوی ایشن انسانی خدمت کے مشن میں ایدھی فاؤنڈیشن کے شانہ بشانہ کام کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے سعد ایدھی کے ہمراہ ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے انسانی جانیں بچانے کے مشن کو مسلسل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی خدمت اور ضرورت مند افراد کی مدد ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ