پاکستان میں رواں سال کا نواں پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے رپورٹ ہوگیا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق پاکستان میں رواں سال اب تک پولیو کے 9 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں سال رپورٹ ہونے والے 9 پولیو کیسز میں سے 7 خیبر پختونخوا اور 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو ایک لاعلاج مرض ہے تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے، ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع، بشمول ضلع خیبر، میں انسدادِ پولیو مہم جاری ہے، 5 سال سے کم عمر تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پاکستان اور افغانستان میں انسدادِ پولیو کی یہ مہم بیک وقت جاری ہے، والدین بچوں کو جاری مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، پولیو ویکسین کے ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروائیں، معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

