عبدالرحمٰن کی کامیابی کی تقریر میں عربی الفاظ کے استعمال کا خیر مقدم

us syed d


ممبئی: امریکی سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے عبدالرحمٰن محمدسعید کی کامیابی کی تقریر امریکہ سے لے کر مشرقِ وسطیٰ تک موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ خاص طور پر ان کی جانب سے عربی الفاظ ‘حبیبی’، ‘ان شاء اللہ’ اور ‘الحمدللہ’ کے استعمال نے عالم عرب کے باشندوں کے دل جیت لیے۔ عبدالرحمٰن امریکہ کے پہلے مسلم امریکی سینیٹر بننے جا رہے ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران اسلاموفوبک تبصروں کا سامنا کرنے والے عبدالرحمٰن نے کامیابی کے بعد اپنے ناقدین کو طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں جواب دیا۔ انہوں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: "جے ڈی، حبیبی۔” انہوں نے کہا کہ یہ ایک عجیب اتفاق ہے کہ آئینی طور پر جنوری میں وینس ہی کو انہیں سینیٹر کے عہدے کا حلف دلانا ہوگا۔ عربی میں ‘حبیبی’ کا مطلب ‘میرے دوست’ یا ‘میرے محبوب’ ہے، اور عام بول چال میں یہ لفظ دوست یا ساتھی کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔
مصر سے تعلق رکھنے والے ایک تارکِ وطن خاندان میں پیدا ہونے والے عبدالرحمٰن کے حامیوں نے "حبیبی فار عبد” کے نعرے والی ٹی شرٹس بھی پہن رکھی تھیں۔ ان کی تقریر کے بعد سوشل میڈیا پر عرب ممالک کے باشندوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مصر کی معروف گلوکارہ شیریں عبدالوہاب کے گانوں پر بنائے گئے ویڈیوز اور دلچسپ میمز بھی شیئر کیے گئے۔
مصر کے معروف ماہر تعلیم خلیل العنانی نے بھی عبدالرحمٰن کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ‘حبیبی’ سب سے پیارا لفظ ہے۔ انہوں نے عبدالرحمٰن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مصری عوام کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔

متعلقہ پوسٹ