
(ویب ڈیسک)ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ ایران نے میزائل اور ڈرون کی پیداواری لائنیں زیر زمین منتقل کر دی ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال میں ہتھیاروں کی تیاری کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنے میزائل اور ڈرون پروگرام کا ڈھانچہ اس انداز میں ترتیب دیا ہے کہ دشمن کی ممکنہ کارروائیاں اس کی پیداواری صلاحیت کو متاثر نہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ماضی میں بھی ایران کو میزائل بنانے سے نہیں روک سکا کیونکہ ملک کا پیداواری نظام لچکدار بنیادوں پر قائم ہے، پیداواری لائنوں کو زیر زمین منتقل کرنے کا مقصد دفاعی تیاریوں کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایرو اسپیس فورس کے تمام ہتھیار مقامی علم، مہارت اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر تیار کیے گئے ہیں، جبکہ ایران نے اس مقصد کیلئے کسی دوسرے ملک سے ہتھیار درآمد نہیں کیے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف گرینڈ آپریشن، 11 صنعتی یونٹس اور 4 بھٹے سیل
ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ کا آئرن گیٹ منصوبہ محض الفاظ کا کھیل ہے،ایران کا زمینی راستوں سے محاصرہ کرنے کا امریکی منصوبہ بھی غیر اہم ہے۔
حسین محبی کا کہنا تھا کہ امریکا مختلف عنوانات اور منصوبوں کے تحت ایران کا معاشی محاصرہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن وہ ناکام رہے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ان روابط کے لیے ہمارے پاس مختلف راستے موجود ہیں؛ امریکا اتنا کمزور ہے کہ وہ ان راستوں کو بند نہیں کر سکتا۔

