توانائی کا تحفظ ملکی معیشت اور عوام کی ضروریات کے لیے انتہائی اہم: شہباز شریف

399824 1386198337


وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو کہا کہ توانائی کا تحفظ ملکی معیشت اور عوام کی ضروریات کے لیے انتہائی اہم ہے جبکہ توانائی کے شعبے میں ترقی اور خود انحصاری پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

میانوالی میں چشمہ-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی ری ایکٹر بلڈنگ پر گنبد کی تنصیب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کی جوہری توانائی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

چشمہ-5 منصوبہ 1200 میگاواٹ مجموعی پیداواری صلاحیت کا حامل ہوگا اور تکمیل کے بعد پاکستان کا سب سے زیادہ پیداواری صلاحیت رکھنے والا جوہری بجلی گھر بن جائے گا۔

یہ جدید پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر چینی ہوالونگ ون (Hualong One) ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور اس سے پیدا ہونے والی کم کاربن بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔

شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ فائیو (C-5) کی ری ایکٹر بلڈنگ پر گنبد کی تنصیب مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہونا ملک کے لیے ایک اہم کامیابی اور پاک چین تعاون کا نتیجہ ہے۔

ان کے بقول منصوبے پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی محنت سے یہ مرحلہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہوا۔

تقریب میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے منصوبے میں چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی ماہرین کی لگن اور محنت نے اس کامیابی کو ممکن بنایا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسی رفتار اور عزم کے ساتھ منصوبے کو بھی مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر کے بجلی کی پیداوار شروع کی جا سکے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایسے توانائی منصوبوں پر کام کر رہا ہے جو ماحول کے تحفظ میں معاون ہوں گے اور ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے چشمہ-5 کو ایک ایسا منصوبہ قرار دیا جس کے ذریعے امید کو حقیقت میں بدلا جا سکے گا۔

پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق منصوبے کو دسمبر 2024 میں تعمیراتی لائسنس جاری کیا گیا تھا۔ اس وقت پاکستان کے چھ جوہری بجلی گھر فعال ہیں جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 3530 میگاواٹ ہے۔

چشمہ-5 کی تعمیر کے بعد ملک میں جوہری توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ منصوبے کے لیے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے حفاظتی اقدامات سے متعلق معاہدے کی منظوری بھی مارچ 2026 میں دی گئی تھی۔

منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان کے قومی گرڈ کو کم کاربن بجلی کا ایک اضافی ذریعہ میسر آئے گا، جس سے ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور توانائی کے تحفظ کو بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ