سعودی عرب کی بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی

399845 676480242


سعودی عرب نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں معدنیات، توانائی، زراعت اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے ساتھ صوبے کی ہنرمند افرادی قوت کو سعودی عرب میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے 10 رکنی اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد کے ہمراہ بدھ کو بلوچستان حکومت کے نمائندوں سے ملاقات میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں عملی شرکت اور سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

بلوچستان حکومت کے وفد کی قیادت بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کی جبکہ اجلاس میں بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالکبیر زرکون اور لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اتھارٹی (لیڈا) کے منیجنگ ڈائریکٹر لیاقت کاشانی بھی شریک تھے۔

سعودی سرمایہ کاروں کو کن منصوبوں پر بریفنگ دی گئی؟

پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی وفد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ان منصوبوں میں کم حرارتی صلاحیت والی گیس (لو بی ٹی یو گیس) سے یوریا کھاد تیار کرنے کا کمپلیکس، فیروکروم پلانٹ اور لیڈا کے تحت صنعتی ترقی کے امکانات شامل تھے۔

اس کے علاوہ ساحلی معیشت (بلیو اکانومی)، زیتون کی کاشت، لائیو سٹاک فارمنگ، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے ان منصوبوں میں عملی شرکت اور سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبوں میں سرمایہ لگانے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے بلوچستان کے ہنرمند افراد کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اس سلسلے میں پیش رفت تیز کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

شہزادہ منصور نے اس اقدام کو بلوچستان حکومت کے لیے ایک خصوصی تحفہ قرار دیا۔

’سعودی تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں‘

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سعودی کاروباری وفد کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ذریعے سہولت فراہم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ کے مطابق حکومت بلوچستان بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قدرتی وسائل، معدنیات، زراعت، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

بلوچستان کو بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کا منصوبہ

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے سعودی وفد کو بتایا کہ صوبے میں معدنیات، توانائی، زراعت، لائیو سٹاک، ساحلی معیشت اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیوں کے ساتھ مقامی روزگار میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ان کے مطابق وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا مقصد بلوچستان کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری و تجارت کا اہم مرکز بنانا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق بلال خان کاکڑ نے سعودی سرمایہ کاروں کو صوبے میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ منصوبوں کی نشاندہی، متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطوں اور سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ