پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی چار میں سے تین اہم مالیاتی شرائط پوری کرلیں، تاہم وفاقی حکومت کو قومی اہمیت کے منصوبوں اور سیکیورٹی اخراجات کیلیے چاروں صوبوں سے سالانہ طے شدہ گرانٹ کاصرف 6 فیصدموصول ہوسکا۔
وزارت خزانہ کے مطابق چاروں صوبوں نے پہلی سہ ماہی میں مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑروپے نقدگرانٹ فراہم کی، جبکہ جون میں وفاق اور صوبوں کے درمیان ہونیوالے معاہدے کے تحت رواں مالی سال میں صوبوں نے مجموعی طور پر ایک کھرب 3 ارب 50 کروڑ روپے نہیں بلکہ ایک ہزار 35 ارب روپے فراہم کرنے تھے۔
موصول ہونیوالی رقم میں پنجاب کاحصہ سب سے زیادہ 32 ارب 50 کروڑ روپے رہا، سندھ نے 8 ارب 50 کروڑ، خیبرپختونخوا نے 12 ارب 70 کروڑ جبکہ بلوچستان نے 3 ارب 70 کروڑ روپے فراہم کیے۔خیبرپختونخواحکومت نے اس سے قبل صوبائی گرانٹ کوبانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کرنے کااعلان کیا تھا۔
مالیاتی اعدادوشمارکے مطابق چاروں صوبے ٹیکس وصولیوں کاآئی ایم ایف ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے، تاہم انہوں نے نقد سرپلس پیداکرنے کا ہدف پوراکرلیا۔ وفاقی حکومت بھی پرائمری بجٹ سرپلس اورفیڈرل بورڈآف ریونیوکی ٹیکس وصولیوں کے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
پہلی سہ ماہی کیلیے پرائمری بجٹ سرپلس کاہدف ایک ہزار 950 ارب روپے مقرر تھا، تاہم وفاقی حکومت نے 2 ہزار 970 ارب روپے کا سرپلس ظاہر کیا،جومجموعی قومی پیداوارکا 2.1 فیصد بنتا ہے۔ اضافی سرپلس کی بڑی وجہ اسٹیٹ بینک کا سالانہ منافع پہلی سہ ماہی میں آمدن کے طور پر شامل کرنا تھا۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک کامنافع گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 20 فیصد، یعنی 495 ارب روپے کم ہوکر تقریباً ایک ہزار 900 ارب رہ گیا۔
چاروں صوبوں نے مجموعی طور پر 599 ارب روپے کا نقدسرپلس پیداکیا،جو آئی ایم ایف کے مقررہ ہدف سے 83 ارب روپے زیادہ تھا، تاہم صوبائی حکومتوں کی ٹیکس وصولیاں 301 ارب روپے رہیں، جو مقررہ ہدف سے 88 ارب روپے کم تھیں۔
ایف بی آر نے جولائی تاستمبرکے دوران 3 ہزار 89 ارب روپے ٹیکس جمع کیے، جبکہ ہدف 3 ہزار 30 ارب روپے تھا۔ اس طرح ادارے نے سہ ماہی ہدف تقریباً 60 ارب روپے سے تجاوزکرکے حاصل کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق آئی ایم ایف بورڈکاآئندہ ماہ اجلاس متوقع ہے، جس میں تقریباً 1۔2 ارب ڈالرکی قرض اقساط کی منظوری دی جاسکتی ہے۔

