السٹریشن: پری پلب چکرورتی
مغربی بنگال کے 137 اسمبلی حلقوں میں الیکشن کمیشن کی اپیلوں کا سامنا کر رہے کم از کم 90 فیصد رائے دہندگان مسلمان ہیں۔ ایسا ان رائے دہندگان کے ساتھ بھی ہو رہا ہے، جنہیں عدالتی افسران نے جانچ کے بعد ووٹر لسٹ میں شامل کیے جانے کا اہل پایا تھا۔
کولکاتہ: مغربی بنگال میں الیکشن کمیشن جن ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کر رہا ہے، ان میں ہر دس میں سے نو مسلمان ہیں۔ ان میں ایسے ووٹر بھی شامل ہیں جنہیں عدالتی افسران نے جانچ کے بعد ووٹر لسٹ میں شامل کیے جانے کا اہل قرار دیا تھا۔
یہ صورتحال صرف ریاست کے مسلم اکثریتی سرحدی علاقوں تک محدود نہیں ہے، بلکہ سرحد سے دور ہندو اکثریتی اضلاع میں بھی یہی حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
سِوک ریسرچ گروپ کی جانب سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کے دوران عدالتی افسران کی جانب سے ووٹر لسٹ میں شامل کیے جانے کے اہل قرار دیے گئے 16,08,175 لوگوں کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
دی وائر کی جانب سے ان ووٹروں کے ناموں کے تجزیے سے سامنے آیا ہے کہ ان میں کم از کم 14,39,797 یعنی 89.5 فیصد مسلمان ہیں۔
سال2011کی مردم شماری کے مطابق، مغربی بنگال کی آبادی میں مسلمانوں کی حصہ داری 27 فیصد ہے۔وہیں، ریاست کے کل ووٹروں میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 29 فیصد ہے۔
ہر طرح کے اسمبلی حلقوں میں ایک جیسا پیٹرن
اسمبلی حلقوں کو وہاں رہنے والی اقلیتی آبادی کے تناسب کی بنیاد پر الگ الگ گروپوں میں تقسیم کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ جن ووٹروں کے خلاف اپیلیں دائر کی گئی ہیں، ان کی تعداد آس پاس کی آبادی کے تناسب سے کتنی الگ ہے۔

جن اسمبلی سیٹوں پر مسلمانوں کی آبادی تقریباً 6 فیصد ہے، وہاں اپیل کا سامنا کرنے والے ووٹروں میں دس میں سے چھ سے زیادہ مسلمان ہیں۔ یہ اس علاقے کی مسلم آبادی کے تناسب سے تقریباً دس گنا ہے۔
وہیں، جن نشستوں پر اقلیتی آبادی تقریباً 15 فیصد ہے، وہاں اپیل کا سامنا کر رہے دس میں سے آٹھ سے زیادہ ووٹرمسلمان ہیں۔
غور طلب ہے کہ137اسمبلی حلقوں میں الیکشن کمیشن کی اپیلوں کا سامنا کر رہے کم از کم 90 فیصد ووٹر مسلمان ہیں۔
جن 160 اسمبلی سیٹوں پر مسلم آبادی مجموعی آبادی کے پانچویں حصے یعنی 20 فیصد سے کم ہے، ان میں سے 69 سیٹیں ایسی ہیں، جہاں الیکشن کمیشن کی اپیل کا سامنا کررہے کم از کم 80 فیصد ووٹر مسلمان ہیں۔ ان تمام 160 سیٹوں پر مسلم نام والے مجموعی طور پر 2,62,416 وو کے خلاف اپیل کی گئی ہے۔
سرحدی علاقوں سے دور بھی یہی صورتحال
یہ فرق سرحدی اضلاع میں سب سے زیادہ نہیں، بلکہ ان اضلاع میں سب سے زیادہ ہے جہاں مسلمانوں کی آبادی بہت کم ہے۔

مشرقی میدنی پور میں مسلمانوں کی آبادی مجموعی آبادی کا تقریباً آٹھواں حصہ ہے۔ اس کے باوجود الیکشن کمیشن کی اپیل کا سامنا کررہے دس میں سے نو سے زیادہ ووٹر مسلمان ہیں۔
ایگرا اسمبلی حلقہ میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 8 فیصد ہے، لیکن یہاں اپیل کا سامنا کررہے ووٹروں میں مسلمانوں کی حصہ داری 94.9 فیصد ہے۔
اسی ضلع کے چاندی پور، کانتھی جنوبی اور رام نگر اسمبلی حلقوں میں یہ اعداد و شمار 93 سے 95 فیصد کے درمیان ہیں۔
سندر بن کے ساگر اور گوسابا میں یہ اعدادوشمار 97 فیصد اور 95 فیصد ہیں۔ ان علاقوں میں مسلمانوں کی آبادی 12 فیصد سے بھی کم ہے۔
دوسری طرف، مرشد آباد کی مجموعی آبادی کا تقریباً 60 فیصد حصہ مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ یہاں الیکشن کمیشن کی اپیل کا سامنا کررہے 98.2 فیصد ووٹر مسلمان ہیں۔ یہاں یہ فرق نسبتاً کم دکھائی دیتا ہے، کیونکہ اس ضلع کی آبادی میں پہلے ہی مسلمانوں کی حصہ داری بہت زیادہ ہے۔

جہاں یہ پیٹرن دکھائی نہیں دیتا
کچھ اسمبلی حلقے ایسے بھی ہیں، جہاں الیکشن کمیشن کی اپیل کا سامنا کررہے زیادہ تر ووٹر مسلمان نہیں ہیں۔ ان میں سے اکثر سیٹیں ایسی ہیں جہاں مسلمانوں کی آبادی بہت کم ہے اور ایس آئی آر کے عمل میں دیگر برادریوں کے لوگ بھی متاثر ہوئے ہیں۔
تاہم، ان نشستوں پر بھی مسلم نام والے ووٹروں کے خلاف ان کی آبادی کے تناسب سے کہیں زیادہ اپیلیں کی گئی ہیں۔

ندیا ضلع کے متوآ اکثریتی علاقے میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی) کے لیے محفوظ اسمبلی حلقہ کرشن گنج میں اپیل کا سامنا کررہے ووٹروں میں مسلم نام والے لوگوں کی حصہ داری 6.5 فیصد ہے۔ یہ وہاں مسلمانوں کی آبادی کے 5.7 فیصد تناسب سے کچھ زیادہ ہے۔
دوسری جگہوں پر یہ فرق کافی بڑا ہے۔
جادو پور میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً ایک فیصد ہے، لیکن الیکشن کمیشن کی اپیل کا سامنا کررہے 14.2 فیصد ووٹر مسلمان ہیں۔ یہ وہاں کی مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے 12 گنا سے بھی زیادہ ہے۔
نیا گرام میں مسلمانوں کی آبادی 1.3 فیصد ہے، جبکہ اپیل کا سامنا کررہے ووٹروں میں مسلمانوں کی حصہ داری 17.1 فیصد ہے۔
اسی طرح، ودھان نگر اور حبیب پور میں یہ اعدادوشمار مسلمان آبادی کے تناسب سےتقریباً چار گنا ہے۔
دارجلنگ، کرسیانگ اور کالمپونگ جیسے پہاڑی اسمبلی حلقوں میں مسلم ناموں اور نام ہٹانے کے لیے دائر اپیلوں کے درمیان تقریباً کوئی یکسانیت دکھائی نہیں دیتی۔
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو جن علاقوں میں مسلمانوں کی آبادی اچھی خاصی ہے، وہاں الیکشن کمیشن جن ووٹروں کے نام ہٹانا چاہتا ہے، ان کی فہرست میں مسلمانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
وہیں، جہاں مسلمانوں کی آبادی تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، مثلاً متوآ اکثریتی علاقے، قبائلی اکثریتی نشستیں اور کولکاتہ کے بعض مضافاتی علاقے، وہاں اگرچہ فہرست میں شامل زیادہ تر ووٹروں کے نام مسلم نہیں ہیں، لیکن آس پاس کی آبادی میں مسلمانوں کے تناسب کے مقابلے میں نام ہٹانے کے لیے دائر اپیلوں میں مسلمانوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کیا بتاتے ہیں اور کیا نہیں
اپیل کے اعداد و شمار سے ایسا نہیں لگتا کہ الیکشن کمیشن نے کسی اسمبلی حلقے میں مذہبی آبادی کے تناسب کو دیکھ کر ووٹروں کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہر طرح کی اسمبلی سیٹ پر عدالتی افسران کی جانب سے منظور کیے گئے ووٹروں میں سے 46 سے 51 فیصد کے خلاف اپیل کی ہے۔ یہ اعدادوشماران نشستوں پر بھی تقریباً یکساں ہے جہاں مسلمانوں کی آبادی سب سے کم ہے اور ان نشستوں پر بھی جہاں مسلمانوں کی آبادی سب سے زیادہ ہے۔
اسمبلی حلقوں میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب اور عدالتی افسران کی جانب سے منظور کیے گئے ووٹروں میں سے کتنے لوگوں کے خلاف الیکشن کمیشن نے اپیل کی، ان دونوں کے درمیان تقریباً کوئی تعلق دکھائی نہیں دیتا۔
لیکن یہاں ایک اہم سوال یہ ہے کہ شروعات میں عدالتی افسران کے پاس کون لوگوں کے معاملے بھیجے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں صرف ان ووٹروں کی تفصیلات ہیں، جن کے ووٹر لسٹ میں شامل کیے جانے کے خلاف الیکشن کمیشن نے اپیل کی ہے۔ اس میں ان تمام ووٹروں کا ریکارڈ شامل نہیں ہے جنہیں عدالتی افسران نے منظوری دی تھی۔
تاہم، جن ووٹروں کے نام عدالتی افسران نے ہٹا دیے تھے اور جنہوں نے اس کے خلاف اپیل کی، ان کے ریکارڈ کا ایک دوسرا سیٹ اس پوری تصویر کے بیشتر پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد کرتا ہے۔

عدالتی افسران نے مجموعی طور پر 27,06,057 ووٹروں کے نام ہٹائے تھے۔ ان میں سے 22,17,619 یعنی 82 فیصد لوگوں نے ٹریبونل میں اپیل کی ہے۔ ان اپیل کنندگان میں 79.3 فیصد مسلمان ہیں۔
ایک آزادانہ تجزیے سے بھی اسی طرح کے نتائج سامنے آئے ہیں۔
سبار انسٹی ٹیوٹ نے مغربی بنگال کی ضمنی ووٹر لسٹوں سے نام حذف کیے جانے کے اعداد و شمار پر مشتمل ایک عوامی ڈیٹابیس جاری کیا ہے۔ اس میں مذہب اور جنس کی بنیاد پر اعداد و شمار کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ ادارے کے تجزیے کے مطابق، ’ انڈر ایڈجوڈیکیشن ‘ فہرست سے حذف کیے گئے 27 لاکھ سے زیادہ ووٹروں میں سے 70.17 فیصد مسلمان تھے، جبکہ 51 فیصد خواتین تھیں۔
ان دونوں طرح کے ریکارڈ کو ملا کر دیکھا جائے تو مجموعی طور پر 59,59,458 ایسے ووٹروں میں سے 38,25,794 کی تفصیلات سامنے آتی ہیں، جنہیں ان اسمبلی حلقوں میں عدالتی افسران کے پاس بھیجا گیا تھا۔ یعنی تقریباً 64 فیصد ووٹروں کا ریکارڈ دستیاب ہے۔
ان میں سے 31,99,122 ووٹر مسلمان ہیں۔
اگر باقی بچے ووٹروں میں سے ایک بھی شخص مسلمان نہ ہو، تب بھی اس کا مطلب یہ ہوگا کہ عدالتی جانچ کے لیے بھیجے گئے مجموعی ووٹروں میں سے کم از کم 53.7 فیصد مسلمان تھے۔ یہ ریاست کی مجموعی آبادی میں مسلمانوں کی حصہ داری سے تقریباً دوگنا ہے۔

جن اسمبلی سیٹوں پر مسلمانوں کی آبادی تقریباً 6 فیصد ہے، وہاں عدالتی افسران کے پاس بھیجے گئے کم از کم ایک چوتھائی ووٹر مسلمان تھے۔ یہ اس علاقے میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے چار گنا زیادہ ہے۔
وہیں، جن نشستوں پر مسلمانوں کی آبادی تقریباً 15 فیصد ہے، وہاں عدالتی افسران کے پاس بھیجے گئے کم از کم 43 فیصد ووٹر مسلمان ہیں۔
ان اسمبلی حلقوں میں ایک موازنہ خصوصی طور پر توجہ طلب ہے۔
جن سیٹوں پر مسلمانوں کی آبادی 10 فیصد سے کم ہے، وہاں عدالتی افسران کی جانب سے حذف کیے گئے اور بعد میں اپیل کرنے والے ووٹروں میں سے تقریباً ایک تہائی مسلمان ہیں۔
اس کے برعکس، انہی سیٹوں پر عدالتی افسران کی جانب سے منظور کیے گئے جن ووٹروں کے خلاف الیکشن کمیشن نے اپیل کی ہے، ان میں سے دس میں چھ سے زیادہ مسلمان ہیں۔
یہ دونوں گروپ الگ الگ ووٹروں پر مشتمل ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار سے یہ معلوم نہیں کیا جا سکتا کہ عدالتی افسران کی جانب سے منظور کیے گئے تمام ووٹروں میں مسلمانوں کا حقیقی تناسب کتنا ہے۔
لیکن ہندو اکثریتی اسمبلی نشستوں پر الیکشن کمیشن کی جانب سے نام حذف کرنے کے لیے دائر اپیلوں کا نشانہ مسلمان کہیں زیادہ بنے ہیں، جبکہ عدالتی افسران کی جانب سے حذف کیے گئے ووٹروں میں ایسا تناسب نہیں تھا۔
یہ صورتحال اپیل دائر کیے جانے سے پہلے کے مراحل کی جانب اشارہ کرتی ہے۔
ووٹروں کے معاملے عدالتی افسران تک اسی وقت پہنچے، جب ان کے ناموں میں ’منطقی تضادات‘ بتا کر انہیں جانچ کے لیے بھیجا گیا۔
الیکشن کمیشن کے اپنے ای آر او نیٹ ڈیٹا سے پتہ چلتاہے کہ عدالتی افسران کے پاس بھیجے گئے 60 لاکھ ووٹروں کے معاملے ضلع در ضلع ان معاملوں سےمیل کھاتے تھے، جنہیں مرکزی مبصرین نے جانچ کے لیے نشان زد کیا تھا۔ یہ ان ووٹروں کے معاملے نہیں تھے، جن کے بارے میں الیکٹورل رجسٹریشن افسران (ای آر او) نے حتمی فیصلہ نہیں کیا تھا۔
اس کے بعد عدالتی افسران کی جانب سے منظور کیے گئے تقریباً نصف ووٹروں کے خلاف اپیل کی گئی۔ ان ووٹروں میں پہلے ہی مسلمانوں کا تناسب بہت زیادہ تھا۔ ایسا صرف سرحدی علاقوں میں نہیں، بلکہ ہندو اکثریتی اضلاع میں بھی ہوا۔
اپیل کس نے دائر کی؟
قابل ذکر ہے کہ26اکتوبر کو سپریم کورٹ میں داخل کیے گئے اپنے جوابی حلف نامے میں الیکشن کمیشن نے بتایا کہ یہ اپیلیں مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے 22 اکتوبر کو بھیجے گئے ایک خط کی بنیاد پر دائر کی گئی تھیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ اپیلیں ’مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے افسران نے عوامی نمائندگی کے قانون کے تحت مجاز افسران کی حیثیت سے‘ دائر کی تھیں۔ کمیشن نے یہ بھی کہا کہ ’ان معاملوں کو کمیشن کے سامنے نہیں لایا گیا تھا۔‘
اسی حلف نامے میں کمیشن نے کہا کہ متعلقہ ووٹروں کے دستاویز پورٹل پر دستیاب ہیں اور ان کے حق میں ’معزز عدالتی افسر نے موافق حکم جاری کیا ہے۔‘
دی وائر نے مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر اور دو ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر کو خط لکھ کر کئی سوال پوچھے ہیں۔
پوچھا گیا ہے کہ اپیل دائر کرنے والے افسران کے نام اور عہدے کیا ہیں؟ عوامی نمائندگی کے قانون یا الیکٹورل رجسٹریشن رول کی کس شق کے تحت چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے افسران ان اسمبلی حلقوں کے ووٹروں کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں، جن کا انتظامی کام کاج ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا؟
اس کے علاوہ، دی وائر نے یہ بھی پوچھا ہے کہ ان افسران نے سپریم کورٹ کے کس حکم اور کس پیراگراف کی بنیاد پر اپیل دائر کی؟
دی وائر نے یہ سوال بھی کیا ہے کہ کیا ووٹر لسٹ میں شامل ووٹروں کے خلاف اپیل دائر کرنے سے پہلے متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن افسران (ای آر او) اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران (اے ای آر او) سے مشورہ کیا گیا تھا؟ اگر ہاں، تو کن بنیادوں پر اور کس عمل کے تحت ووٹروں کو اپیل کے لیے منتخب کیا گیا؟ کیا ہر معاملے کا الگ الگ جائزہ لیا گیا تھا؟
حلف نامے میں جس 22 اکتوبر کے خط کا ذکر کیا گیا ہے، دی وائر نے اس کی ایک کاپی بھی طلب کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسمبلی حلقوں کےحساب سے دائر کی گئی اپیلوں کی تعداد اور ان کے نتائج کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے جواب موصول ہونے پر اس رپورٹ کو اپڈیٹ کیا جائے گا۔
انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

