کراچی کے ضلع وسطی میں نامور علمی، ادبی، سیاسی، سماجی، شوبز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے ان کی سابقہ یا موجودہ رہائش گاہوں کے باہر نیلی یادگاری تختیاں نصب کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت معروف مصور صادقین، قوال امجد صابری اور اداکار و کامیڈین عمر شریف کی رہائش گاہوں پر یادگاری تختیاں نصب کی جا چکی ہیں، جبکہ مزید شخصیات کے انتخاب کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کمنیموریٹو پلیکز انیشی ایٹو (District Central Commemorative Plaques Initiative) کے نام سے شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی یاد اور ان سے وابستہ تاریخی ورثے کو محفوظ بنانا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد شہر کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا اور نئی نسل کو ان شخصیات کی خدمات سے آگاہ کرنا ہے جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ کئی نامور شخصیات کے خاندان ان کی رہائش گاہوں سے منتقل ہو چکے ہیں یا یہ مکانات فروخت کیے جا چکے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ان سے وابستہ تاریخی ورثے کو محفوظ اور نمایاں کیا جائے۔
طحہٰ سلیم کے مطابق اس منصوبے کا تصور برطانیہ میں رائج ’بلیو پلیک‘ روایت سے لیا گیا ہے، جس کے تحت معروف شخصیات کی رہائش گاہوں پر یادگاری تختیاں نصب کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مزید شخصیات کے انتخاب کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، تاکہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کے نام اتفاقِ رائے سے منتخب کیے جا سکیں۔
کمیٹی کے رکن اور لکھاری شاہ ولی اللہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں، جن میں لیاقت آباد، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد شامل ہیں، میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی رہائش گاہوں پر یادگاری تختیاں نصب کی جا رہی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شاہ ولی اللہ کے مطابق کمیٹی میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں، جو موصول ہونے والے ناموں کا جائزہ لیتی ہیں۔ اس کے بعد باقاعدہ ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا جاتا ہے کہ متعلقہ شخصیت یادگاری تختی کے لیے اہل ہے یا نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کمیٹی سے منظور ہونے والے نام ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کو بھیجے جاتے ہیں، جس کے بعد تختیوں کی تیاری اور تنصیب کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
شاہ ولی اللہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی کے دیگر اضلاع کو بھی اپنے علاقوں کی نامور شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم کے مطابق مستقبل میں اس منصوبے کو مزید وسعت دینے کے ساتھ یادگاری تختیوں پر کیو آر کوڈز لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاکہ شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے متعلقہ شخصیت کی زندگی اور خدمات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکیں۔
یہ منصوبہ کراچی کی علمی، ادبی اور ثقافتی تاریخ سے وابستہ شخصیات کو یاد رکھنے اور ان کی خدمات سے نئی نسل کو متعارف کرانے کی ایک کوشش ہے۔

