درآمدی نظریات کا دھوکہ – ایکسپریس اردو

2728615 ZamarudNaqviNEW 1729446351


آج کا یہ جائزہ ڈاکٹر علی شریعتی کے چوتھے حصے پر مبنی ہے۔ یہ واقعی ایسی حقیقت ہے جو انسان کو رک کر سمجھنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ ہم عام طور پر یہی مانتے ہیں کہ اعلیٰ نظریات جیسے قومیت یا انسانیت پسندی۔ ہم سوچتے ہیں کہ یہ ہمیشہ بھلائی کے لیے ہوتے ہیں۔ عام فہم میں تو یہی سمجھا جاتا ہے لیکن الجیریا کی جو مثال سامنے رکھی گئی وہ ہمیں بتاتی ہے کہ اگر ہم ان نظریات کے پس منظر کو نہ سمجھیں ۔ اگر ان کے لاگو ہونے کے مقصد کو نہ سمجھیں تو یہ ایک نہایت خطرناک ہتھیار بن سکتے ہیں۔ ہمیں اس بات کی تھوڑی تفصیل میں جانا چاہیے کہ انھوں نے یہ کیا کیسے؟ یعنی والٹیر اور روسو کی کتابیں پڑھا کر کسی کو غلام کیسے بنایا جا سکتا ہے۔

دیکھیں یہ اصل میں ڈیوائیڈ اینڈ رول کی ایک بہت ہی جدید شکل تھی۔ ذہنی شکل آپ کہہ لیں۔ 1950ء کی دہائی میں الجیریا میں عرب اور بربر قبائل آباد تھے۔ یہ دونوں تاریخی طور پر اسلام اور اپنی مقامی ثقافت کی بنیاد پر ایک تھے۔ یعنی ان کا اتحاد ہی ان کی سب سے بڑی طاقت تھی۔ وہی طاقت انھیں فرانسیسی قبضے کے خلاف کھڑا کرتی تھی تو فرانسیسیوں نے کیا کیا؟ انھوں نے ان پر سیدھا حملہ کرنے کے بجائے ان کے درمیان نیشنلزم کا بیج بویا۔ یعنی قومیت کا کارڈ کھیلا۔ انھوں نے مخصوص مقامی دانشوروں کو بلایا۔ انھیں روسو اور دیگر مغربی مفکرین کے حوالے دیئے۔ اور ذین سازی شروع کی کہ دیکھیے کہ آپ لوگ تو بالکل ایک الگ قوم ہیں۔ آپ کی زبان الگ ہے۔ تاریخ الگ ہے۔

انھوں نے کہا کہ نیشنلزم کا اصول تو یہ کہتا ہے کہ ہر قوم کی اپنی الگ ریاست ہونی چاہیے تو انھوں نے یورپین نیشنلزم کا تصور ان پر لاگو کر دیا تاکہ ان کو یہ محسوس ہو کہ ان کا اصل مسئلہ فرانسیسی کالونیل ازم نہیں ہے۔ بلکہ ان کو یہ لگنے لگا کہ ان کا مسئلہ تو ان کے بالکل ساتھ بسنے والے ان کے اپنے لوگ ہیں۔ بظاہر یہ بات بہت سے لوگوں کو ترقی پسندی لگ رہی ہو گی کہ ان کو الگ پہچان دی جا رہی ہے۔

لیکن اس کا اصل مقصد عرب اور بربر لوگوں کو آپس میں لڑانا تھا تاکہ وہ اس اعلیٰ فلسفے کے نشے میں اپنے سامنے کے دشمن کو بھول جائیں۔ ایک ایسا نظریہ جو یورپ میں آزادی کے لیے بنایا گیا تھا۔ اسے یہاں تقسیم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ اس نظریے میں چھپا ہوا جو وائرس ہے، جو بیک گراؤنڈ ہے۔ پورے سسٹم کو آپس میں ہی الجھا دیتا ہے۔ اگر اس مثال کو اور آگے بڑھائیں تو وائرس صرف سسٹم کو الجھاتا ہی نہیں بلکہ بیک گراؤنڈ میں خاموشی سے بیٹھ کر سارا ڈیٹا ہیکر کو بھیج رہا ہوتا ہے۔ ڈاکٹر شریعتی اس طریقے کو فیک ، جھوٹے مشترکہ عوامل کہتے ہیں۔ یعنی جھوٹے رشتے بنانا تاکہ اصلی دشمن پر پردہ ڈالا جا سکے۔ جس طرح دو دوستوں کے درمیان غلط فہمی پیدا کر کے دشمنی کروائی جا سکتی ہے۔ ویسے ہی دو دشمنوں کے درمیان جھوٹا تعلق بھی بنایا جا سکتا ہے۔ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہمیشہ ایک قدرتی تصادم ہوتا ہے۔ ہونا بھی چاہیے۔ کیونکہ ظلم جو ہو رہا ہوتا ہے۔ لیکن جو لوگ طاقت میں ہوتے ہیں وہ انسانیت اور یہاں تک کے مذہب کا استعمال کر کے اس قدرتی غصے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ہم سب ایک جیسے انسان ہیں وہ اس طرح کے نعرے لگاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ آؤ آپس میں امن اور محبت سے رہیں۔ یہ ایک ایسا دھوکا ہوتا ہے جہاں مقصد امن قائم کرنا نہیں ہوتا بلکہ مقصد یہ ہوتا ہے کہ مظلوم اپنے حق کے لیے لڑنا ہی چھوڑ دے۔ اس رویے کو تحریر میں ایک جونک سے تشبیہ دی گئی ہے۔ یہ بہت دلچسپ مثال ہے۔ جب جونک کسی کے جسم سے چپک کر اس کا خون چوستی ہے تو اس کا اپنا خون وہی بن جاتا ہے جو اس کے شکار کا ہوتا ہے۔ اب بظاہر تو جونک اگر بول سکتی تو کہتی لو دیکھو میرا اور تمہارا خون تو بالکل ایک ہی ہے۔ ہم میں تو خون کا رشتہ ہے۔ لیکن حقیقت میں وہ اس خون کے رشتے کا استعمال صرف شکار کا مزید خون چوسنے کے لیے کر رہی ہوتی ہے۔ ایسے ہی کئی بار انسانیت یا قومیت کو ایک دھوکے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے تاکہ عوام کا خون چوسا جا سکے اور انھیں پتہ بھی نہ چلے۔ تو یہ بڑے نظریات اور اعلیٰ فلسفے اکثر دھوکہ ثابت ہوتے ہیں تو پھر سماج میں اصلی تبدیلی آتی کیسے ہے؟ یہ ایک بہت بڑا اور اہم سوال ہے۔ کیونکہ عام فہم تو یہی ہے جب معاشرے میں ظلم انتہاء پر پہنچ جاتا ہے ۔

امیر اور غریب کا فرق بڑھ جاتا ہے۔ اور بھوک آتی ہے تو لوگوں میں غصہ بھڑکتا ہے۔ ہم نے تو یہی سنا ہے کہ پھر لوگ آزادی کے لیے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ تبدیلی تو حالات کی خرابی سے خود آتی ہے۔ یہ بہت ہی عام لیکن انتہائی غلط تصور ہے جو ہمارے ذہنوں میں بٹھا دیا گیا ہے۔ جدید دور کے بہت سے مغربی دانشور یہ مانتے ہیں کہ جب معاشرے میں غریب اور امیر کا فرق بڑھتا ہے ۔ جسے وہ جدلیاتی تضاد (Dialectical Contradiction) کہتے ہیں۔ تو وہ خود بخود سوسائٹی کو آگے دھکیلتا ہے۔

ان کا ماننا ہے کہ یہ ایک آٹو میٹک پراسیس ہے۔ لیکن ڈاکٹر شریعتی اس بات کو ایک بہت بڑا سراب ایک illusion قرار دیتے ہیں۔ لیکن اس بات کو سمجھنے کے لیے ہمیں یہاں رکنا پڑے گا۔ شریعتی کہہ رہے ہیں کہ صدیوں کی غربت اور انتہائی ظلم لوگوںکو خود نہیں جگاتا۔ جی ہاں شریعتی کہتے ہیں کہ خود نہیں جگاتا۔ یہ بات تو ہماری عام تاریخی سمجھ اور کتابی باتوں کے بالکل الٹ ہے۔ ہم نے تو ہمیشہ فلموں میں دیکھا ہے جب پانی سر سے گزر جائے تو لوگ بغاوت کر دیتے ہیں۔ یہی تو مسئلہ ہے فلم اور کتابی باتوں کا۔ اگر ظلم اور بھوک لوگوں کو نہیں جگاتی تو اس Dialectics اور تصادم کا فایدہ ہی کیا ہوا۔ یہ الٹ اس لیے لگ رہا ہے کیونکہ ہم نے تاریخ کو سطحی نظر سے دیکھا ہے۔ ڈاکٹر شریعتی یہاں بہت گہرائی میں جا کر ہمیں سمجھاتے ہیں۔ شریعتی کہہ رہے ہیں کہ ظلم اور غربت کسی بھی معاشرے میں ہزاروں سال تک موجود رہ سکتے ہیں۔ ہزاروں سال تک بنا کسی انقلاب کے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ