ایران کو پاکستان پر اعتماد، سفارتی کوششوں سے مطمئن ہیں: عباس عراقچی

399951 1599846394


ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پیر کو پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد پر تہران کے اعتماد کا اعادہ کیا ہے اور خطے کو درپیش پیچیدہ صورت حال میں پاکستان کو ایک قابل اعتماد دوست قرار دیا ہے۔

سرکاری چینل ’پاکستان ٹی وی‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کو پاکستان پر اعتماد ہے اور وہ اس کی سفارتی کوششوں سے مطمئن ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا: ’ہم واقعی بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ہم پاکستان پر ایک اچھے دوست کی حیثیت سے اعتماد کرتے ہیں، ہم اسے ایسا ملک سمجھتے ہیں جو اپنی پوری کوشش کر رہا ہے اور ہم اس کے ساتھ مل کر کام کرنے سے مطمئن ہیں۔ ان شاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘

ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران مذاکرات کے ایک اور دور کے لیے اسلام آباد واپس آنے پر غور کرے گا؟ اس پر عباس عراقچی نے صورت حال کو پیچیدہ اور مشکل قرار دیتے ہوئے پاکستان پر تہران کے اعتماد کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا: ’پاکستان اپنا کام کر رہا ہے۔ یہ معاملہ بہت پیچیدہ اور مشکل ہے اور جیسا کہ میں نے کہا، ہمیں اپنے پاکستانی بھائیوں پر اعتماد ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ سے پاکستان کے بدلتے ہوئے کردار کے بارے میں بھی سوال کیا گیا، جس میں سفارتی کوششوں کے ساتھ اجتماعی دفاعی صلاحیت میں شراکت دار کی حیثیت سے پاکستان کا کردار بھی شامل تھا۔

عباس عراقچی نے مذاکرات کے حوالے سے کسی نئے فیصلے کا اعلان نہیں کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی کوششیں کر رہا ہے اور تہران کو اپنے پاکستانی ہم منصبوں پر اعتماد ہے۔

ان کے یہ بیانات ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے کسی حل تک پہنچنے کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔

پاکستان ایک اہم سفارتی رابطہ کار کے طور پر سامنے آیا ہے، جو اہم فریقوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے اور مذاکرات کے ذریعے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت کر رہا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ