
(ویب ڈیسک)سعودی اتحادی افواج نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی کے مطابق سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا۔
میزائل حملے کے خطرے کے پیش نظر مکہ مکرمہ میں ہنگامی وارننگ کیلئے سائرن بجائے گئے، جبکہ شہری دفاع کی جانب سے حفاظتی الرٹ بھی جاری کیا گیا، خطرہ ٹلنے کے بعد الرٹ ختم کردیا گیا اور شہریوں کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض کی طرف بھیجا گیا ڈرون بھی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کردیا تھا، دونوں واقعات کے حوالے سے سعودی حکام نے دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاسدارانِ انقلاب کا بحرین میں امریکی پیٹریاٹ نظام کے 2 ریڈار تباہ کرنے کا دعویٰ
دوسری جانب سعودی شہری دفاع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اور دفاعی کارروائیوں سے متعلق غیر مصدقہ معلومات یا حساس تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کو ہی مستند سمجھیں۔

