پاکستان کی میزبانی میں پیر یعنی آج سے اسلام آباد میں جوہری سلامتی کے تربیتی اور معاونتی مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اجلاس عالمی جوہری توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جاری رہے گا جس میں آئی اے ای اے اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں جوہری سلامتی سے متعلق تربیت کو بہتر بنانے، بین الاقوامی تعاون مضبوط کرنے اور اس شعبے میں تجربات کے تبادلے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
این ایس ایس سی نیٹ ورک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو ممالک کو علم کے تبادلے، باہمی رابطہ کاری اور صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے جوہری سلامتی سے متعلق تربیت اور معاونت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ’اسلام آباد میں اس اجلاس کی میزبانی بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور کردار کی عکاسی کرتی ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان، جہاں جوہری بجلی گھر اور تحقیقی مراکز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی حفاظتی نگرانی کے تحت کام کرتے ہیں، بین الاقوامی شراکت داریوں اور تربیتی اقدامات سمیت مختلف مواقع پر جوہری تحفظ اور سلامتی کی اہمیت پر زور دیتا رہا ہے۔
آئندہ اجلاس میں شریک ممالک اور اداروں کو دنیا بھر میں جوہری سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سامنے آنے والے نئے چیلنجز پر تبادلہ خیال اور بہترین طریقہ ہائے کار کے تبادلے کا موقع ملنے کی توقع ہے۔
پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔
اُس وقت اسلام آباد، ویانا میں آئی اے ای اے کے صدر دفتر سے باہر اس اجلاس کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنا تھا۔

