مولانا فضل الرحمٰن کا ’نظر بندی‘ کے بعد لاہور وکلا سے ویڈیو لنک پر خطاب

400174 1919793506


جمعیت علمائے اسلام ف کے ایک ترجمان کے مطابق منگل کو پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے وکلا سے خطاب سے قبل لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے انہیں ’نظر بند‘ کر دیا گیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

جے یو آئی پنجاب کے ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے منگل کو لاہور ہائی کورٹ بار کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا تھا، تاہم اس سے قبل ہی نجی پارک ویو سوسائٹی میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

بقول حافظ غضنفر: ’ہم پُرامن لوگ ہیں۔ اگرچہ مولانا صاحب ہائی کورٹ بار میں خطاب کے لیے آئے ہیں لیکن ہم زبردستی جانے کی کوشش میں حالات خراب نہیں کرنا چاہتے۔‘

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جے یو آئی اور حکومت کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے حالیہ دنوں میں حکومت پت اپنے خطابات میں کڑی تنقید کی جاتی رہی ہے۔ اس کے بظاہر نتیجے میں 19 نومبر کو جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے سرکاری سکیورٹی واپس لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ جے یو آئی رہنماؤں نے اپنی رہائش گاہوں کے باہر پولیس ناکہ بندی کی شکایت بھی کی تھی۔

مولانا فضل الرحمن نے بعد میں ویڈیو لنک کے ذریعے وکلا سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے خلاف ریاستی قوتوں نے اس وقت اپنے رویوں میں شدت پیدا کی جب ہم نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کے کردار کو بے نقاب کیا۔ ہم صوبہ خیبر پختونخوا ہو، صوبہ بلوچستان ہو، گوادر ہو، ساحلی علاقے ہوں، سندھ ہو، اس کے سمندری جزائر ہوں یا پنجاب کے عوام اور ان کے حقوق ہوں، ہم تمام صوبوں کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

’یہ عوام کی ملکیت ہے، وفاق کی ملکیت نہیں، کسی ایک طاقتور ادارے کی ملکیت نہیں اور ہم اسے لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے۔ ہم ابھی صبر کا دامن تھامے ہوئے ہیں، لیکن استقامت کے ساتھ اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور ان شااللہ اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔‘

حافظ غضنفر نے مزید کہا کہ ’انتظامیہ کی خواہش ہے کہ ہمارے کارکن مزاحمت کریں اور ان کے خلاف کریک ڈاؤن کا جواز بنایا جائے، لیکن ہم ایسا کوئی موقع انتظامیہ کو فراہم نہیں کرنا چاہتے۔ ہمارے کارکنوں کا دباؤ ہے کہ ہم مولانا کو تقریب میں لے کر جائیں گے، لیکن قیادت نے انہیں منع کرتے ہوئے پر امن رہنے کی تلقین کی ہے۔‘

جے یو آئی ترجمان کے مطابق: ’پولیس نے سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر بھی اہلکار تعینات کیے ہیں اور وہاں کنٹینر رکھ دیا ہے‘ جبکہ پولیس نے ’سوسائٹی کے رہائشیوں کی آمدورفت بھی روک دی ہے۔‘

ادھر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ضلع لاہور میں 24 سے 26 نومبر 2026 تک تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ 23 نومبر کو جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ قانون نافذ کرنے والے اور خفیہ اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے بعد کیا گیا، جن میں پنجاب بھر، بالخصوص لاہور میں دہشت گرد اور عسکریت پسند تنظیموں کی جانب سے امن و امان اور شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات کا ذکر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق یہ نفری ’سکیورٹی انتظامات‘ کے تحت تعینات کی گئی ہے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے اب تک باضابطہ طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی پنجاب نے اس سے قبل میڈیا کو جاری بیان میں اس اقدام کو ’قابل مذمت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ شہری آزادیوں اور آئینی حقوق کے خلاف ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’گرفتاریاں، ناکہ بندیاں، کاروبار سیل کرنا اور ایف آئی آرز ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے۔‘

قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے اس سے قبل سنیچر کو پشاور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے بھی خطاب کیا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بقول جے یو آئی پنجاب ترجمان: ’ہم آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں گے۔‘

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر ناکہ بندی کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کے حکم نامے کے تحت عوامی مقامات، سڑکوں، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، ریلیوں، جلوسوں، مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

لوگوں کو غیر قانونی اجتماعات میں شرکت پر اکسانا بھی ممنوع ہوگا، تاہم شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور گرجا گھروں میں عبادات، سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے فرائض اور عدالتی کارروائیوں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

حکم نامے کی تعمیل کے لیے متعلقہ صوبائی حکام، لاہور پولیس اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ