اسلام آباد: وزارتِ قومی صحت کے ایڈیشنل سیکریٹری کی زیرِ صدارت نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی (NSC) کا اجلاس منعقد ہوا، جسے پاپولیشن پروگرام وِنگ نے یو این ایف پی اے پاکستان کے تعاون سے منعقد کیا۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، ڈریپ، ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور نجی شعبے کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں مانع حمل ادویات و آلات کی مقامی پیداوار کو فروغ دینے، درآمدات پر انحصار کم کرنے اور قومی سطح پر سپلائی چین کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں پائیدار فیملی پلاننگ پروگرام کے لیے مانع حمل سامان کی دستیابی اور بروقت فراہمی ناگزیر ہے۔
ایڈیشنل سیکریٹری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نجی شعبے اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر نہ صرف مقامی پیداوار بڑھانے کے اقدامات کرے گی بلکہ ریگولیٹری فریم ورک کو بھی آسان بنایا جائے گا تاکہ فیملی پلاننگ کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکے۔
اجلاس میں سفارش کی گئی کہ قومی پالیسی میں مقامی صنعت کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور ایک مربوط نظام تشکیل دیا جائے جس کے ذریعے تمام صوبوں میں یکساں طور پر مانع حمل ادویات اور آلات کی فراہمی ممکن ہو۔

اسلام آباد: مانع حمل ادویات و آلات کی مقامی پیداوار کے فروغ پر غور 3