اسلام آباد، 15 ستمبر 2025 – محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہونے کو ہے، جو آئندہ چند روز میں مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق اس نئے اسپیل کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بعض ساحلی اور بالائی علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ بلوچستان کے مشرقی حصوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں کو بارشوں کے پیش نظر ترتیب دیں
یاد رہے کہ پچھلے مون سون اسپیل کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے تھے، درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید متاثر ہونا پڑا تھا۔ سندھ کے بعض شہروں میں اربن فلڈنگ کے باعث نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا تھا اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ اسپیل سے ملک کے دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم شدید بارشیں بعض علاقوں میں مسائل بھی پیدا کر سکتی ہیں۔

پاکستان میں مون سون کا نیا اسپیل شروع ہونے کو تیار 3

