پشاور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا کی حکومت میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو ان کے عہدے سے ہٹانے اور ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے کی کارکردگی، پارٹی نظم و ضبط اور عوامی شکایات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ صوبائی سطح پر نئی قیادت لانے کی ضرورت ہے تاکہ گورننس کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی لائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور کو بعض پالیسی معاملات میں خود مختار فیصلے کرنے اور پارٹی قیادت سے مشاورت نہ کرنے پر تنقید کا سامنا تھا۔ پارٹی رہنماؤں نے رائے دی کہ پارٹی کے اندر ہم آہنگی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے قیادت میں تبدیلی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ ’’بہت سے ایسے لوگ ہیں جو بظاہر ہمارے ساتھ ہیں مگر پسِ پردہ کسی اور کی خوشامد میں مصروف ہیں۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف میں وفاداری اور اصولوں سے انحراف برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نئے وزیراعلیٰ کے اعلان کے بعد صوبائی کابینہ میں بھی اہم تبدیلیاں متوقع ہیں، جبکہ تنظیمی ڈھانچے کی ازسرِنو تشکیل پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔