لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں صورتحال اچانک کشیدہ ہوگئی ہے۔ جمعرات کی شام پولیس نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران علاقے میں بھاری پولیس نفری تعینات کر دی گئی جبکہ مرکز کو دونوں اطراف سے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران تحریک لبیک کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے علاقے میں داخلے اور نکلنے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ اردگرد کے علاقوں میں بھی گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران علاقے میں شدید ہلچل مچ گئی، کئی مقامات پر کارکنوں نے احتجاج کی کوشش کی جس پر پولیس نے انہیں منتشر کر دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ممکنہ بڑے کریک ڈاؤن کے لیے سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور غیر ضروری طور پر متاثرہ علاقوں کا رخ نہ کریں