وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان افغانستان کے عوام کو ایک غیر ضروری جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان طالبان سے متعدد بار مذاکرات کیے، تاہم افغان فریق پاکستان کے نقصانات اور خدشات سے لاتعلق رہا۔ چار برس کے طویل عرصے کے دوران پاکستان نے جانی و مالی نقصان برداشت کیا، مگر اب قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان قطر، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کا شکر گزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کی سلامتی اور قومی مفاد حکومت کی اولین ترجیح ہیں، اور کسی بھی قیمت پر ان پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

