انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو تھانہ صادق آباد میں درج ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چیئرمین نادرا اور گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے عدالت میں عملدرآمد رپورٹس پیش کی گئیں۔
چیئرمین نادرا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عدالت کے احکامات کی روشنی میں علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیا گیا ہے، جب کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے تمام بینکوں کو علیمہ خان کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے تحت علیمہ خان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ مئی 2023 کے واقعات کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ سے متعلق ہے، جس میں تحریک انصاف کے متعدد رہنما اور کارکن نامزد ہیں۔ عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے مزید پیش رفت طلب کر لی گئی ہے۔


