نئی دہلی — بھارت میں بدعنوانی کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے، جہاں بھارتی فوج کے ایک سینئر افسر کے گھر سے بھاری مقدار میں نقد رقم برآمد ہونے کے بعد رشوت ستانی کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ دفاعی پیداوار میں تعینات لیفٹیننٹ کرنل اور ایک شہری کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم افسر کے گھر سے نوٹوں کی گڈیاں برآمد ہوئیں، جن میں 3 لاکھ روپے نقد جبکہ اضافی 2 کروڑ 23 لاکھ بھارتی روپے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ رقم مبینہ طور پر دفاعی ساز و سامان کی خریداری اور ٹھیکوں میں غیر قانونی فوائد کے عوض وصول کی گئی۔ تفتیشی اداروں نے ملزمان کے خلاف شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔
بھارتی دفاعی حلقوں میں اس واقعے پر تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا اور عوامی سطح پر فوج اور دفاعی اداروں میں شفافیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خلاف سخت بیانات دیے جا رہے ہیں، تاہم عملی اقدامات پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

