ایتھوپیا نے افریقہ کی تاریخ کے سب سے بڑے ہوابازی انفراسٹرکچر منصوبے بشوفٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعظم ابی احمد نے خاتونِ اول زیناش تایاچیو اور اعلیٰ حکومتی حکام کے ہمراہ منصوبے کے مقام پر منعقدہ تقریب میں ایئرپورٹ کا سنگِ بنیاد رکھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم ابی احمد نے اس موقع کو ایتھوپیا کی جدیدیت، معاشی استحکام اور عالمی سطح پر شناخت کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپین ایئرلائنز قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، نہ اس وجہ سے کہ اسے کبھی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا بلکہ اس لیے کہ اس ادارے نے چیلنجز کے باوجود خود کو مضبوط رکھا اور افریقی ہوابازی میں قائدانہ کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایتھوپین ایئرلائنز کی کامیابی کی بنیاد اس کی مضبوط ادارہ جاتی ثقافت ہے، جہاں حفاظت اور سیکیورٹی کو اولین ترجیح حاصل ہے، قیادت تخلیقی صلاحیت اور محنت سے جڑی ہوئی ہے، اور 26 ہزار سے زائد ملازمین اسے اپنی قومی ایئرلائن سمجھتے ہوئے اس کے وقار اور اقدار کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل سیکھنے اور افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
بشوفٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ ادیس ابابا سے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب مشرق میں 1,910 میٹر کی بلندی پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں طیاروں کی کارکردگی اور مقامی و بین الاقوامی مسافروں کی مؤثر آمد و رفت کے لیے موزوں حالات میسر ہوں گے۔ منصوبے کے تحت ایئرپورٹ کو دارالحکومت سے منسلک کرنے کے لیے جدید ملٹی لین شاہراہ اور 38 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ ریلوے لائن بھی تعمیر کی جائے گی، جس کی رفتار 120 سے 200 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
سرکاری حکام کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں بشوفٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سالانہ 60 ملین مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھے گا، جبکہ مکمل ماسٹر پلان کی تکمیل کے بعد اس کی گنجائش 110 ملین مسافروں سالانہ تک بڑھا دی جائے گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد ایتھوپیا کو دنیا کے اہم ترین عالمی ہوابازی مراکز میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔

