اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ایک منظم گروہ کے ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق گینگ کی مرکزی ملزمہ عاصمہ منہاج کو چنیوٹ سے گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کی نشاندہی پر اسلام آباد کے علاقے مہرآبادی سے دیگر ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
کارروائی کے دوران متعدد اے ٹی ایم اور ڈیبٹ کارڈز سمیت دیگر شواہد برآمد کیے گئے۔ تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان اے ٹی ایم بوتھس پر شہریوں کے کارڈ تبدیل کر کے بعد ازاں متاثرین کے بینک کھاتوں سے نقد رقم نکالتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ مرکزی ملزمہ پہلے سے اشتہاری ہے اور مختلف مقدمات میں مطلوب رہی ہے۔

