اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آسٹریا کے دو روزہ سرکاری دورے کے لیے ویانا روانہ ہوگئے۔ دورے کی دعوت آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر نے دی تھی۔
وفاقی وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے اور وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ دونوں رہنما سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے معروف کاروباری شخصیات کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔ ویانا میں وزیرِ اعظم ایک خصوصی تقریب میں بھی شریک ہوں گے جس کا موضوع "پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ” ہے۔
وزیرِ اعظم کے پروگرام میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات بھی شامل ہے۔
پاکستانی وزارتِ عظمیٰ کا یہ سرکاری دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہتیں پیدا کرنے اور اقتصادی، تجارتی و سائنسی تعاون کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔

