قلات میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی؛ 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب
‘کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا’
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب این 25 پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات کے قریب این-25 شاہراہ پر دہشت گردوں کی جانب سے عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
دہشت گردوں نے اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں کے لیے این-25 پر چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا جبکہ 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

