
(24 نیوز)برطانوی شہر ناٹنگھم میں پولیس نے چہرہ شناخت کرنے والی جدید ٹیکنالوجی (فیشل ریکگنیشن) کا استعمال کرتے ہوئے مختلف جرائم میں مطلوب 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناٹنگھم پولیس نے شہر میں جاری مشہور ’ونٹر ونڈر لینڈ‘ میلے کے قریب ایک خصوصی فیشل ریکگنیشن وین تعینات کی تھی، جس کے کیمروں نے میلے میں آنے جانے والے افراد کے چہروں کی اسکیننگ کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ریکارڈ میں موجود 9 مطلوب ملزمان کی فوری شناخت ممکن ہوئی، جس کے بعد موقع پر موجود اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔
گرفتار کیے گئے افراد دکانوں سے چوری، مالی فراڈ اور ڈکیتی سمیت مختلف سنگین وارداتوں کے شبہ میں پولیس کو مطلوب تھے۔
یہ بھی پڑھیں :قاتل روبوٹس پر پابندی کے حوالے سے مذاکرات 2 سال تک جاری رکھنے پر اتفاق

