حیدرآباد — سندھ کے ضلع ٹنڈو الہٰ یار میں تیل اور قدرتی گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جسے ملکی توانائی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق درس ویسٹ 3 کنویں سے یومیہ 97 لاکھ مکعب فٹ گیس کی پیداوار متوقع ہے۔ اس کے علاوہ یومیہ 580 بیرل کنڈینسیٹ بھی حاصل ہوگا جو پاکستان کے توانائی ذخائر میں قابل قدر اضافہ ثابت ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ دریافت شدہ گیس کو پراسس کرنے کے بعد سوئی ناردرن گیس نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا جس سے گھریلو اور صنعتی صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
توانائی کے بحران سے دوچار پاکستان کے لیے یہ دریافت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ملکی گیس کی پیداوار میں اضافے کا باعث بنے گی۔

