محسن نقوی کا ہاکی کھلاڑیوں کی بھرپور مدد کا اعلان، ورلڈکپ کوالیفائر کی تیاریوں کا حکم

IMG 20260219 WA1860


لاہور — چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی جس میں پرو ہاکی لیگ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ وہ ہاکی فیڈریشن کے صدر کا عہدہ نہیں سنبھال رہے تاہم ہاکی کے تنازعات حل کرنے کے لیے کھلاڑیوں کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پلیئرز کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا اور ہاکی کے معاملات سلجھانے کے لیے پورا تعاون فراہم کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کے ٹکٹس، کٹس اور ہوٹل میں رہائش کے فوری انتظامات کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کے علاج معالجے کی ذمہ داری خود پی سی بی کے ذمے لینے کی ہدایت بھی جاری کی۔
محسن نقوی نے آج رات تک قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے تمام انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا جبکہ کیمپ کا باقاعدہ آغاز کل سے ہوگا۔

متعلقہ پوسٹ