اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں خلیج کی کشیدہ صورتحال، ایران-امریکہ تنازع اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو خطے کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی اقدامات اور عالمی امن کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مشکل حالات میں وفاقی حکومت کی پالیسی اور وزیراعظم کی حکمت عملی کی تعریف کی۔ انہوں نے جنگ کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کی پالیسی کو سراہا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے سیاسی، ملکی اور معاشی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
یہ ملاقات علاقائی سیکیورٹی، قومی سلامتی اور داخلی سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔

