وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو ایک اہم بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان کا عزم ہے کہ کسی بھی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور ہماری افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا ہے، تاہم ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں اور قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان کا اختتام ان الفاظ پر کیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے کسی بھی اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

