مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر بھاری اضافہ کیا گیا ہے، 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔
مٹی کے تیل کی قیمت سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 428 روپے 74 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، قیمت میں اضافے کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے، اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 358 روپے ایک پیسہ فی لیٹر تھی۔
ادھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے گی، ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رہے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے باوجود قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت تیل کمپنیوں کو قیمتوں میں فرق کی ادائیگی کرے گی۔ اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کے لیے 176 روپے 41 پیسے فی لیٹر ادائیگی کی جائے گی، پٹرول پر 77 روپے 98 پیسے فی لیٹر ادائیگی کی جائے گی۔
گزشتہ رات وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ حکومت کو اچھی طرح سے اداراک ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے اضافے نے عوام کی زندگیوں کو بے پناہ متاثر کیا ہے، مشکور ہوں کہ عوام نے ہمیشہ کی طرح تحمل اور صبر کا مظاہرہ کیا، پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں اضافے سے پیدا ہونے والا 24 ارب کا بوجھ وفاق خود برداشت کرے گی۔


