ریاض─ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے پر عوامی اور سرکاری سطح پر جشن منایا جا رہا ہے۔ ریاض اور دیگر شہروں کی شاہراہیں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور سعودی پرچم سے سجادی گئیں، جبکہ اہم عمارتوں کو بھی روشنیوں سے منور کیا گیا۔
معاہدے پر دستخط کے بعد سعودی عرب کے مختلف شہروں میں عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور پاکستانی کمیونٹی نے جشن منانے کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا۔ ریاض کی مرکزی شاہراہوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے جنہیں دیکھ کر شہریوں نے دونوں ممالک کی دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات اور اسٹریٹیجک مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ معاہدے کی رو سے کسی بھی جارحیت کی صورت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے دفاع کے لیے تمام عسکری وسائل بروئے کار لائیں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، سعودی عرب کی شاہراہوں پر سبز ہلالی پرچم لہرانا اس بات کا مظہر ہے کہ یہ معاہدہ عوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی، اتحاد اور بھائی چارے کا عملی اظہار ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب میں تاریخی دفاعی معاہدے کا جشن، شاہراہیں سبز ہلالی پرچم سے سج گئیں 3