اسلام آباد — خصوصی نمائندہ
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے توہین آمیز جملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کلمات صرف ولی عہد کی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی توہین ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ٹرمپ کو بنیادی انسانی حقوق اور تہذیب سیکھنے کی ضرورت ہے اور امریکا کا ایسے شخص کو صدارت پر مسلط کرنا خود امریکی عوام اور عالمی برادری کے لیے سوالیہ نشان ہے۔
"محمد بن سلمان کے بارے میں ٹرمپ کے کلمات امت مسلمہ کی توہین ہیں — ٹرمپ کو بنیادی انسانی حقوق اور تہذیب سیکھنے کی ضرورت ہے، ایسے فاتر العقل شخص کا امریکی صدر ہونا سوالیہ نشان ہے۔”
— مولانا فضل الرحمٰن، سربراہ جے یو آئی
انہوں نے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور اسلامی بلاک کو امریکا و اسرائیل گٹھ جوڑ کے مقابلے میں ایک آواز بننا ہوگا۔ مولانا نے کہا کہ مسلم دنیا کو اس نازک موقع پر منتشر رہنے کی بجائے متحد محاذ اختیار کرنا ہوگا۔
پس منظر: میامی میں منعقدہ سعودی انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے حوالے سے نہایت نازیبا انداز میں گفتگو کی تھی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ابتداً انہیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ انہیں پرنس کی تعریف کرنا پڑے گی اور وہ انہیں سابق امریکی صدور کی طرح کمزور قیادت سمجھتے تھے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اب محمد بن سلمان کو ان کے ساتھ احترام سے بات کرنا پڑتی ہے اور انہیں ایسا کرنا ہی ہوگا۔

