اسلام آباد — بیورورپورٹ محمد سلیم سے
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے پیر کے روز باقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے کے فوری بعد انہوں نے سی ڈی اے بورڈ کے ممبران اور سینئر افسران سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں ادارے کی انتظامی کارکردگی، جاری منصوبوں اور شہری سہولیات کی فراہمی پر جامع گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران متعلقہ افسران نے نئے چیئرمین کو سی ڈی اے کے انتظامی ڈھانچے، جاری اسکیموں، انفراسٹرکچر کی بہتری اور وفاقی دارالحکومت میں زیرِتکمیل اہم منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
سہیل اشرف نے اس موقع پر واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سروس ڈیلیوری میں شفافیت اور تیزی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ادارے کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید اعلیٰ کیا جائے گا۔

