لاہور / ریاض — 13 اپریل 2026
سعودی عرب میں رواں سال 18 اپریل سے حج پروازوں کی آمد کا باضابطہ آغاز ہوگا۔ اس موقع سے قبل مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کی دیکھ بھال اور صفائی کے کام معمول کے مطابق جاری ہیں تاکہ لاکھوں عازمین حج کے استقبال کے لیے مقدس مقامات کو بہترین حالت میں رکھا جا سکے۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پری حج فلائٹ شیڈول مرتب کر لیا گیا ہے۔ اس شیڈول میں چار بڑی ایئر لائنز کی مجموعی طور پر 101 پروازیں شامل ہیں۔
پری حج آپریشن میں قومی ایئر لائن پی آئی اے سب سے زیادہ 33 پروازیں آپریٹ کرے گی، جبکہ سعودی ایئر لائن 29، ایئر بلیو 24 اور ایئر سیال 15 پروازیں چلائے گی۔
لاہور ائیرپورٹ سے پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی جب سعودی ایئر لائن کی فلائٹ SV-5735 لاہور سے مدینہ منورہ کے لیے عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔

