واشنگٹن— امریکی سینیٹ نے ایران پر مزید حملوں کے لیے کانگریس سے پیشگی منظوری لینے کی شرط عائد کرنے والی قرارداد کو 47 کے مقابلے 52 ووٹوں سے مسترد کر دیا ہے۔
عرب اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ قرارداد ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے پیش کی گئی تھی، جس کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائیوں کے لیے کانگریس کی اجازت لینے کا پابند بنانا تھا۔ قرارداد کی ناکامی کے بعد حکومت کو کانگریس سے پیشگی منظوری لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ووٹنگ زیادہ تر پارٹی لائنز پر ہوئی، جہاں ریپبلکن ارکان نے زیادہ تر اس کی مخالفت کی جبکہ ڈیموکریٹس نے حمایت کی۔ یہ اس تنازعے میں چوتھی بار ہے جب سینیٹ نے ایران جنگ سے متعلق وار پاورز ریزولیوشن کو روک دیا۔
تنازعہ اس وقت شدت اختیار کر چکا ہے جب امریکہ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

