ایران نے امریکا سے مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت سے انکار کر دیا، پاکستانی ثالث کو مطلع کر دیا گیا

IMG 20260420 WA1433


اسلام آباد/تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت نہیں کرے گا اور ایرانی وفد اسلام آباد نہیں جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو ثالثی کے ذریعے یہ پیغام دے دیا گیا ہے کہ ایران کا دوسرے دور کے مذاکرات میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکا نے سیز فائر (جنگ بندی) کی خلاف ورزی کی ہے اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں دکھائی دے رہا۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا:
"امریکا نے دوبارہ جارحانہ کارروائیاں کی ہیں۔ اگر امریکا نے دوبارہ جارحیت کی تو ایران اس کا پوری طاقت سے جواب دے گا۔ امریکی تجاویز غیر سنجیدہ اور ان کے مطالبات غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔ ایران نے اپنے مطالبات واضح طور پر بیان کر دیے ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں لائے گا۔”
یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ اس کا وفد پاکستان میں دوسرے دور کی بات چیت کے لیے جا رہا ہے۔ تاہم ایران نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے نیول بلاک ایڈ (بحری ناکہ بندی) اور دیگر اقدامات جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں۔
پاکستان نے حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں پہلے دور کی بات چیت اسلام آباد میں ہوئی تھی۔ ایران کا موقف ہے کہ مذاکرات صرف تب ممکن ہیں جب امریکا سنجیدگی کا ثبوت دے اور ایران کے حقوق کو تسلیم کرے۔

متعلقہ پوسٹ