اسلام آباد بیورو رہورٹ محمد سلیم سے
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) کو مزید مربوط اور فعال بنانے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی تھری اے اب نجکاری ڈویژن کے تحت کام کرے گی اور اس کی نگرانی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کرے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی استعداد کار میں بہتری لائی جائے اور ان منصوبوں کو کارکردگی جانچنے کے معیار (KPIs) کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ اجلاس میں خطے اور عالمی سطح پر رائج پی پی پی ماڈلز کا موازنہ بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

