بیرسٹر گوہر کا حکومت پر کڑی تنقید، عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان
اسلام آباد —
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کی سیاسی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت اپنے لوگوں کو سیاسی عمل سے نہیں جوڑتی اور دوسروں کے درمیان ثالث بننے کا ڈھونگ رچاتی ہے، وہ ملک کو ترقی کی راہ پر نہیں لے جاسکتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے عمران خان کی فیملی کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی فیملی کو نہ سیاست کا شوق ہے اور نہ کسی عہدے کا لالچ۔ انہوں نے واضح کیا کہ علیمہ خان انہیں کوئی سیاسی ہدایات نہیں دیتیں اور پارٹی اپنے اصولوں کے مطابق آزادانہ فیصلے کرتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے تمام دستیاب قانونی اور سیاسی ذرائع استعمال کررہی ہے اور یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک وہ گھر نہیں پہنچ جاتے۔

