ایک رسید پر زیادہ سے زیادہ ۵ کارٹن پانی خریدنے کی اجازت، مقصد ذخیرہ اندوزی اور غیر ضروری خریداری روکنا
کویت: کویت کی حکومت نے پینے کے پانی کی خریداری کی حد مقرر کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق کویت کی وزارتِ سماجی امور نے کہا ہے کہ مرکزی مارکیٹس اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی شاخوں سے بوتل بند پانی کی خریداری پر عائد پابندیاں برقرار رہیں گی، اور ہر خریدار ایک خریداری رسید پر زیادہ سے زیادہ ۵ کارٹن پانی ہی خرید سکے گا۔
وزارت نے متنبہ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں بوتل بند پانی کی فروخت سے متعلق ضوابط میں نرمی نہیں برتی جائے گی اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کو اس پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خوف کے باعث ضرورت سے زیادہ خریداری اور غیر ضروری ذخیرہ اندوزی کو روکنا ہے، کیونکہ اس سے رسد پر بلاوجہ دباؤ پڑتا ہے اور فروخت کے مراکز پر غیر معمولی ہجوم پیدا ہوتا ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ نہ تو بوتل بند پانی کی پیداوار کم ہوئی ہے نہ فراہمی میں کسی رکاوٹ کا سامنا ہے۔ پانی تیار کرنے والی فیکٹریاں بدستور بڑی مقدار میں پیداوار کر رہی ہیں، جب کہ سپلائی بھی باقاعدگی سے مارکیٹوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں تک پہنچائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ پابندی محض احتیاطی نوعیت کی ہے تاکہ خریداری کا رجحان منظم رہے اور تمام صارفین پانی تک مساوی رسائی حاصل کر سکیں۔ وزارت نے خبردار کیا کہ احکامات کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی، اور صارفین پر زور دیا کہ وہ صرف ضرورت کے مطابق خریداری کریں، ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے اجتناب کریں۔

