غیر ملکی وفود کی آمد پر سیکیورٹی پروٹوکول نے سپلائی چین کو درہم برہم کردیا
اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے باعث نافذ کیے گئے سخت سیکیورٹی پروٹوکول کے نتیجے میں آئل ٹینکرز کی نقل و حرکت مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے، جس کے براہِ راست اثرات اٹک ریفائنری پر پڑے ہیں اور ریفائنری کا ایک اہم پیداواری یونٹ بند کرنا پڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق دارالحکومت اور اس سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹینکرز کی آمدورفت پر پابندی کے باعث خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر ہوئی، جس سے ریفائنری کو جزوی طور پر پیداوار روکنے پر مجبور ہونا پڑا۔
صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپلائی چین میں یہ رکاوٹ اگر طویل ہوئی تو پٹرولیم مصنوعات کی مقامی دستیابی پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ وفود کی روانگی کے بعد صورتحال جلد معمول پر آجائے گی۔
اٹک ریفائنری پاکستان کی قدیم ترین اور اہم ترین ریفائنریوں میں سے ایک ہے اور شمالی پاکستان کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ریفائنری کے کسی بھی یونٹ کی بندش سے علاقائی سپلائی پر فوری دباؤ پڑتا ہے۔

