اسلام آباد — پاکستان نے ایران کو تجارتی سہولت فراہم کرنے کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے پاکستانی سرزمین کے ذریعے کسی تیسرے ملک کے ساتھ ایران کی ٹرانزٹ تجارت کی اجازت دے دی۔
وزارت تجارت نے اس سلسلے میں "پاکستان کے ذریعے سامان ٹرانزٹ آرڈر 2026” کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے امپورٹ اور ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ 1950 میں ترامیم کردی ہیں اور یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ حکم ان ٹرانزٹ اشیا کی نقل و حمل پر لاگو ہوگا جو کسی تیسرے ملک سے روانہ ہو کر پاکستان کے راستے ایران کے کسی مقام تک پہنچائی جائیں گی۔
پاکستان نے سامان کی نقل و حمل کے لیے مخصوص روٹس بھی طے کردیے ہیں جن میں گوادر، پورٹ قاسم، لیاری، اورماڑہ، پسنی اور گبد شامل ہیں۔
یہ فیصلہ علاقائی تجارت اور رابطے کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔

