پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر آج سے سخت کارروائی شروع

IMG 20260428 WA0034


لاہور — پنجاب ٹریفک پولیس نے صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آج سے سخت کارروائی کا آغاز کردیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عوام کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی گئی۔ اب مہلت ختم ہوگئی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو نہیں بخشا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جن خلاف ورزیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ان میں سگنل توڑنا، غلط لین میں گاڑی چلانا، موبائل فون کا استعمال، سیٹ بیلٹ نہ باندھنا، ہیلمٹ نہ پہننا اور اوور اسپیڈنگ شامل ہیں۔ بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ گاڑیاں بھی ضبط کی جاسکتی ہیں۔
افسران نے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں بیک وقت یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سمارٹ کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کو بھی بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔
پنجاب ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں، اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کریں اور جرمانے سے بچنے کے لیے ذمہ دار شہری کا کردار ادا کریں۔

متعلقہ پوسٹ