واشنگٹن —
وائٹ ہاؤس نے ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کسی بھی معاہدے کے لیے جلد بازی کا شکار نہیں ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ضرور ہے، تاہم کوئی بھی معاہدہ امریکی قومی سلامتی کو مدنظر رکھ کر ہی کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ صدر یہ بات پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں اور کوئی بھی راستہ میز سے ہٹایا نہیں گیا۔
دوسری جانب واشنگٹن کے حلقوں میں یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکا خطے میں اپنی فوجی سرگرمیاں دوبارہ تیز کر سکتا ہے، جو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید ہوا دے سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے حال ہی میں ثالثوں کو بتایا تھا کہ امریکی تجاویز پر سپریم لیڈر سے مشاورت کے لیے چند دن درکار ہیں۔ بین الاقوامی برادری ان مذاکرات کے نتائج کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔

