متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے مبینہ دورے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران نیتن یاہو خفیہ طور پر ابوظہبی پہنچے اور اماراتی صدر سے ملاقات کی۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اس مبینہ دورے کو "تاریخی پیش رفت” اور دونوں ممالک کے تعلقات میں "اہم سنگ میل” قرار دیا تھا۔
تاہم اماراتی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں واضح کیا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات ابراہیمی معاہدے کے تحت مکمل طور پر شفاف اور علانیہ ہیں اور کسی بھی خفیہ یا غیر اعلانیہ ملاقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایران جنگ کے دوران نیتن یاہو یا کسی اسرائیلی فوجی وفد نے یو اے ای کا دورہ نہیں کیا۔
اماراتی وزارت خارجہ نے میڈیا کو بھی تنبیہ کی کہ وہ غیر تصدیق شدہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کرے اور سیاسی تاثر پیدا کرنے کے لیے بے بنیاد دعووں کو استعمال نہ کرے۔

